مسلم حکمراں اپنے ہم وطنوں کو اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کی اجازت دیں : مولانا محمد معظم احمد
نئی دہلی، 29؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )آل انڈیا تحریک حمایت الاسلام کے صدر اور فتح پوری مسجد کے نائب شاہی امام مولانامحمد معظم احمد نے آج میڈیا کو جاری ایک بیان میں فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیل کی جانب سے کئے جارہے مظالم پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس سمت میں مناسب کارروائی کرے اور فلسطینیوں پر اسرائیل کی جانب سے کئے جارہے مظالم کو ہمیشہ کے لئے رکوائے اور اسرائیل کو اس کے ظلم سے روکے ۔ مولانا محترم نے کہاکہ عید پوری دنیا کے لئے خوشی کا موقع ہوتا ہے ، لیکن جس طرح کا ظلم اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر کیاجا رہا ہے وہ افسوسناک ہے اور ان کی عید ہمیشہ سے غم میں بدلتی رہی ہے ۔ انہوں نے پوری دنیا کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ جمعۃ الواداع کو مسجد اقصیٰ کی بازیابی کے لئے دعا کریں ساتھ ہی مسلم ممالک کے حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ہم وطنوں کو اس بات کی اجازت دیں کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرسکیں ۔ مولانا محترم نے مسلم ممالک کے حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ مسجد اقصیٰ کی بازیابی کے لئے دعا کریں ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ وہ عالمی برادری پر دباؤ بنائیں کہ وہ فلسطین کے مسئلہ کو جلد ازجلد حل کرے اور فلسطینیوں کو ان کا حق دلانے کیلئے بھی وہ آواز بلند کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ اسرائیل فلسطین کے تعلق سے کررہا ہے وہ نہایت ہی افسوسناک ہے۔مولانا محترم نے کہاکہ دنیا کو چاہئے کہ وہ فلسطین کے مسئلہ کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر حل کرے کیونکہ فلسطینیوں کو ان کاحق آج تک نہیں مل سکا ہے اور وہ اپنی زمین میں ہی قید و بند کے مصائب جھیل رہے ہیں ۔ مولانا محترم نے حکومت ہند سے اپیل کی کہ وہ اس سمت میں مناسب اقدام کرے اور فلسطینیوں کے تعلق سے جو سابقہ حکومتوں کا موقف ر ہا ہے وہ اس کا اعادہ کرے ساتھ ہی عالمی برادری پرمسئلہ فلسطین کے حل کیلئے دباؤبنائے۔